القرآن - سورۃ نمبر 95 التين آیت نمبر 1-8 شروع الله کا نام لے کر جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے قسم ہے انجیر اور زیتون کی۔ ۞ اور صحرائے سینا کے پہاڑ طور کی۔ ۞ اور اس امن وامان والے شہر کی۔ ۞ کہ ہم نے انسان کو بہترین سانچے میں ڈھال کر پیدا کیا ہے۔ ۞ پھر ہم اسے پستی والوں میں سب سے زیادہ نچلی حالت میں کردیتے ہیں۔ ۞ سوائے ان کے جو ایمان لائے، اور انہوں نے نیک عمل کیے، تو ان کو ایسا اجر ملے گا جو کبھی ختم نہیں ہوگا۔ ۞ پھر (اے انسان) وہ کیا چیز ہے جو تجھے جزاء و سزا کو جھٹلانے پر آمادہ کر رہی ہے ؟ ۞ کیا اللہ سارے حکمرانوں سے بڑھ کر حکمران نہیں ہے ؟۞ ؏
القرآن - سورۃ نمبر 96 العلق آیت نمبر 13-19 شروع الله کا نام لے کر جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے بھلا بتلاؤ کہ اگر وہ (روکنے والا) حق کو جھٹلاتا ہو، اور منہ موڑتا ہو۔ ۞ کیا اسے یہ معلوم نہیں ہے کہ اللہ دیکھ رہا ہے ؟ ۞ خبردار ! اگر وہ باز نہ آیا تو ہم (اسے) پیشانی کے بال پکڑ کر گھسیٹیں گے۔ ۞ اس پیشانی کے بال جو جھوٹی ہے، گنہگار ہے ۞ اب وہ بلالے اپنی مجلس والوں کو۔ ۞ ہم دوزخ کے فرشتوں کو بلا لیں گے۔ ۞ ہرگز نہیں ! اس کی بات نہ مانو، اور سجدہ کرو، اور قریب آجاؤ۔۞ ؏