القرآن - سورۃ نمبر 105 الفيل آیت نمبر 1-5 شروع الله کا نام لے کر جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے کیا تم نے نہیں دیکھا کہ تمہارے پروردگار نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیسا معاملہ کیا ؟ ۞ کیا اس نے ان لوگوں کی ساری چالیں بیکار نہیں کردی تھیں ؟ ۞ اور ان پر غول کے غول پرندے چھوڑ دیے تھے۔ ۞ جو ان پر پکی مٹی کے پتھر پھینک رہے تھے۔ ۞ چنانچہ انہیں ایسا کر ڈالا جیسے کھایا ہوا بھوسا۔۞ ؏
القرآن - سورۃ نمبر 106 قريش آیت نمبر 1-4 شروع الله کا نام لے کر جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے چونکہ قریش کے لوگ عادی ہیں۔ ۞ یعنی وہ سردی اور گرمی کے موسموں میں (یمن اور شام کے) سفر کرنے کے عادی ہیں۔ ۞ اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ اس گھر کے مالک کی عبادت کریں۔ ۞ جس نے بھوک کی حالت میں انہیں کھانے کو دیا، اور بدامنی سے انہیں محفوظ رکھا۔۞ ؏